عید گاہوں میں نماز عید کی اجازت نہیں: وزیر داخلہ محمود علی

   

مقامی مساجد اور گھروں میں ادائیگی کا مشورہ، صحت و صفائی کے مسئلہ پر بلدی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بلدی حکام کو ہدایت دی ہے کہ عیدالاضحی کے تینوں ایام میں شہر میں صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کریں۔ وزیر داخلہ نے آج کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور زونل کمشنرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بقرعید کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں ایام میں کچرے کی نکاسی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ قربانی تینوں ایام میں انجام دی جاتی ہے لہذا کچرے اور دیگر فضلہ کی صفائی کے سلسلہ میں کوئی لاپرواہی نہ کی جائے۔ محمود علی نے کہا کہ یوں تو ہر سال قربانی کے دنوں میں بلدیہ کی جانب سے بہتر انتظامات کئے جاتے ہیں لیکن چونکہ کورونا وائرس کی وباء عروج پر ہے لہذا اس مرتبہ زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے وزیر داخلہ کو تیقن دیا کہ کارپوریشن صحت وصفائی کے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے موقع پر اپنے مکانات اور اطراف و اکناف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نماز عید قریبی مساجد یا اپنے گھروں میں ادا کریں جس طرح عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی تھی۔ عیدین کے موقع پر ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور لاک ڈاؤن کی پابندی کرنا مشکل ترین عمل ہے اس لئے تلنگانہ حکومت نے تمام عیدگاہوں میں کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے ہیں۔ عیدالفطر کی نماز کی طرح ہی عیدالاضحی کی نماز کیلئے پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ حکومت کو انسانی صحت اور زندگیوں کی کافی اہمیت ہے اور وہ کسی بھی حال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں سنجیدہ ہے۔ کسی بھی عید اور تہوار میں عوام کو اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ مسلمانوں کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے عید گاہوں میں نماز ادا کرنے سے گریز کرتے ہوئے گھروں میں نماز ادا کرنی چاہیئے یا پھر قریبی مساجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نماز عید کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مصافحہ اور معانقہ سے بھی پرہیز کیا جائے۔ افراد خاندان سے بھی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے مبارکبادی قبول کریں۔ گوشت کی تقسیم میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی پیشگی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محکمہ جات پولیس، بلدیہ اور صحت کے عہدیداروں سے مکمل تعاون کریں۔