غازی آباد۔ 3۔ جون:(ایجنسیز)ضلع غازی آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے تحت چہارشنبہ کو ڈاسنا علاقے میں ایک مدرسے کے خلاف بڑی کارروائی انجام دی گئی۔ انتظامیہ نے سرکاری زمین پر قائم مدرسہ جامعہ عربیہ اشاعت الاسلام کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کر دیا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں پولیس، پی اے سی اور انتظامی افسران موقع پر موجود رہے۔ اس کارروائی کی نگرانی ضلع مجسٹریٹ رویندر منڈھڈ اور دیگر سینئر حکام نے کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ریونیو عدالت کے احکامات کی تعمیل میں کیا گیا، جس میں متعلقہ زمین کو گرام سبھا کی ملکیت قرار دیتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔اس سے ایک روز قبل کھوڈا علاقے میں دو مدارس کو سیل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد چہارشنبہ کو انتظامیہ کی ٹیم کالو گڑھی، ڈاسنا پہنچی جہاں مدرسہ جامعہ عربیہ اشاعت الاسلام کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کی گئی۔ حکام نے قانونی عمل مکمل کرنے کے بعد بلڈوزر کارروائی انجام دی۔