غریبوں کو انصاف کی فراہمی عہدیداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہئے: ریونت ریڈی

   

ضلع کلکٹرس اے سی چیمبرس سے باہر نکلیں، ریٹائرڈ آئی اے ایس ایم گوپال کرشنا کی تصنیف کی رسم اجراء
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار این گوپال کرشنا کی تصنیف کی رسم اجراء انجام دی۔ سیول سرویس میں طویل سفر کے تجربات اور مشاہدات پر مبنی کتاب کی رسم اجراء انجام دیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایم گوپال کرشنا کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی سیول سرویس عہدیداروں نے عوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دیتے ہوئے اصلاحات کی راہ ہموار کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 6 دہوں پر مشتمل اپنے سفر کے دوران گوپال کرشنا نے کئی محکمہ جات میں خدمات انجام دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسی بھی چیز کو خریدا جاسکتا ہے لیکن تجربات کو خریدا نہیں جاسکتا۔ موجودہ سیول سرونٹس کے لئے یہ کتاب مشعل راہ ثابت ہوگی۔ چیف منسٹر نے ریٹائرڈ عہدیداروں میں ٹی این سیشن، ڈاکٹر منموہن سنگھ اور شنکرن کی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ ملک آج بھی ان تینوں کے کارناموں کو یاد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات میں ڈاکٹر منموہن سنگھ اور انتخابات کو آزادانہ اور شفاف بنانے میں ٹی این سیشن کی مساعی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ حکومت کو عوام سے متعلق فیصلوں میں موثر رہنمائی کریں کیونکہ سیاسی قائدین سے زیادہ عہدیدار عوام سے قریب ہوتے ہیں اور ان کے مسائل سے بخوبی واقف ہوتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج کل کلکٹرس اپنی ایئر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلنے کے لئے تیار نہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عہدیداروں کو اپنے نظریہ اور انداز کارکردگی میں تبدیلی لانی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عہدیداروں کو غریبوں کی بھلائی اور ان کی مدد اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اسی جذبہ کے تحت وہ عوام میں اپنی شناخت بناسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے خیرمقدم کیا اور گوپال کرشنا کی خدمات کی تفصیلات پیش کیں۔ 1