غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی پر خوشی ہے: ہریش رائو

,

   

عوام کی فلاح و بہبود کے سی آر حکومت کی اولین ترجیح، ڈبل بیڈروم مکانات اور کلیان لکشمی کے چیکس کی تقسیم
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کو اپنے لیے خوش قسمتی سے تعبیر کیا اور کہا کہ غریب خاندانوں میں خوشیاں بکھیرتے ہوئے وہ مسرت محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ استفادہ کنندگان میں ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کئے ہیں۔ ہریش رائو نے سنگاریڈی ضلع کے پلکل منڈل کے موضع سنگور میں 150 خاندانوں میں ڈبل بیڈروم مکانات حوالے کئے اس کے علاوہ 141 افراد نے کلیان لکشمی اسکیم کے چیکس کی تقسیم عمل میں آئی۔ وزیر فینانس نے گرام پنچایت کی ترقی کے لیے نئے ٹراکٹرس سرپنچ کے حوالے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ڈبل بیڈروم اسکیم کو متعارف کیا اور حقیقی غریبوں میں مکانات کی تقسیم عمل میں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں غیر مستحق افراد کو مکانات الاٹ کئے گئے تو حکومت سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات، کسانوں کے لیے رئیتو بندھو، رئیتو بیما اور زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ ہریش رائو نے آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کا حوالہ دیا اور کہا کہ زرعی شعبہ کو پانی کی قلت سے نجات دلانے کے لیے حکومت نے پراجیکٹس تعمیر کئے ہیں۔ مستقبل میں کالیشورم پراجیکٹ سے سنگور کو پانی سیراب کیا جائے گا اور 40 ہزار ایکر اراضی کو دو فصلوں کے لیے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ رکن اسمبلی کرانتی کرن نے کہا کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے پہلی مرتبہ منتخب ہونے کے بعد غریبوں میں مکانات کی تقسیم پر انہیں خوشی ہے۔ وہ اپنے حلقے کے ہر گائوں میں بے گھر خاندانوں کو مکانات الاٹ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کرانتی کرن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ غریبوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔