پٹنہ۔ 23 مئی (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل کے قومی ایگزیکٹوصدر تیجسوی یادو نے ہفتہ کو کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی مرکزی حکومت بتدریج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں اور متوسط طبقے کو مہنگائی کی آگ میں جھونک رہی ہے ۔ یادو نے کہا کہ مودی حکومت نے آج پھر سی این جی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کو عوام دشمن اور سرمایہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ 50 پیسے یومیہ کی شرح سے جاری ہے اور یہاں بھی یہ رکا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی عزائم کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونا باقی ہے ۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس حکومت کے دور میں ایک وقت ایسا تھا جب کروڈ آئل بہت سستا تھا اور اس وقت حکومت نے عوام کو اس کا فائدہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اضافی ٹیکس لاد کر عوام کی جیب کاٹی گئی اور خانگی کمپنیوں کو منافع پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یوپی اے کی منموہن سنگھ حکومت نے کروڈ کی جو بلند ترین قیمت دیکھی، اس کے مقابلے میں آج کی قیمت بہت کم ہے ، لیکن ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں اس حکومت کی مدت کار میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جو ملک کے متوسط طبقے اور غریبوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے مقابلے میں آج خام تیل کی قیمت کم ہے ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دوگنی ہوگئی ہیں۔