غریب خاندانوںکو سالانہ 72,000 روپئے آمدنی کی ضمانت: راہول گاندھی

,

   

کانگریس صدر کا بڑا انتخابی وعدہ ۔ ملک سے غربت کا خاتمہ کرکے رہیں گے ۔ ماہرین معاشیات سے مکمل مشاورت کے بعد اسکیم کو قطعیت

نئی دہلی 25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک بڑے انتخابی وعدے میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ اگر ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہوجائے تو غریب خاندانوں کو سالانہ 72,000 روپئے دئے جائیں گے ۔ اس سے ملک کے 25 کروڑ لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ غربت کے خاتمہ کے خلاف قطعی لڑائی ہوگی ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ جو پانچ کروڑ خاندان ملک میں غریبی کے زمرہ آتے ہیں ان کے منجملہ 20 فیصد کو یہ امداد دی جائیگی اور جن خاندانوںکی آمدنی سالانہ 12,000 روپئے سے کم ہے وہ اس کے تحت آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگ میل خیال ہے ۔ یہ ہندوستان کیلئے ایک تاریخی دن ہے اور یہ غربت کے خاتمہ پر قطعی حملہ کا آغاز ہے ۔ ہم ملک سے غریبی کو ختم کرکے رہیں گے ۔ انہوں نے مزیدک ہا کہ مشہور ماہرین معاشیات اور دیگر ماہرین سے مشاورت کے بعد اس اسکیم کو قطعیت دی گئی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے لوگ کافی مصائب برداشت کرچکے ہیں اور ہم ان کے ساتھ انصاف کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ آج کا دن ایک ’’تاریخی دن ‘‘ ہے کیونکہ آج کانگریس نے ملک سے غربت کو مٹادینے کا آغاز کیا ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ انصاف ہمارا خواب ہے اور ہمارا عہد ہے ۔ بعد ازاں انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ تبدیلی کاوقت آچکا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی اس اسکیم پر بحث ہوچکی ہے اور اس کے بعد ہی اس کا برسرعام اعلان کیا گیا ہے۔ مجلس عاملہ کا اجلاس کانگریس کے ہیڈکوارٹرس پر انتخابی منشور کی قطعی صورت گری کیلئے منعقد کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اسکیم ہے اور دنیا بھر میں اس قسم کی اسکیم کہیں بھی نہیں پائی جاتی ۔ انھوں نے کہاکہ اگر کانگریس برسراقتدار آجائے تو وہ ان خاندانوں کی شناخت کرے گی جو خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں ۔ انھوں نے اسے مالیاتی اعتبار سے قابل عمل اسکیم قرار دیا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ اسکیم پارٹی کے اس منصوبہ کا ایک حصہ ہے جس کے تحت ملک کے ہر فرد کے لئے اقل ترین آمدنی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انھوں نے کہاکہ اگر نریندر مودی ملک کے مالدار افراد کو رقم دے سکتے ہیں تو کانگریس غریبوں کو کیوں نہیں دے سکتی ؟ مودی دو ہندوستان تخلیق کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ہم ملک میں دو ہندوستان کی اجازت نہیں دیں گے صرف ایک ہندوستان ہوگا دو ہندوستان نہیں ہوں گے ۔ اس سوال پر کہ رقم کہاں سے آئے گی ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان میں بہت رقم ہے اور سالانہ 72 ہزار روپئے اقل ترین اُجرت ادا کرنے کی طمانیت دی جاسکتی ہے۔ کانگریس ملک کے غریب ترین خاندان کو فی کس 72 ہزار روپئے اقل ترین اُجرت ادا کرنے کا تیقن دیتی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ آپ کو یاد ہوگا کہ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں میں نے زرعی قرضہ جات اقتدار پر آنے کے اندرون 10 دن معاف کرنے کا تیقن دیا تھا آج میں انصاف کرنے کا تیقن دیتا ہوں ۔ مرحلہ وار بنیاد پر اسکیم نافذ کی جائے گی ۔ پہلے پائلٹ پراجیکٹ چلایا جائے گا اور اس کے بعد اسکیم ۔ ہر شخص واقف ہوگا کہ اس کی رقم کہاں جارہی ہے ۔ جو کچھ ہورہا ہے ہم اسے دکھائیں گے ۔ ہم گزشتہ 4 تا 5 ماہ سے اس پر غور کررہے ہیں ۔ اس دوران وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اس انتخابی وعدہ کو ایک جھوٹا اعلان ہے ۔ کانگریس پارٹی غربت کے نام پر سات دہوں سے ہندوستان کو دھوکہ دیتی آئی ہے اور اب جو اعلان کیا گیا ہے وہ بھی ایک اور دھوکہ کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کو کئی نعرے دئے ہیں لیکن اس نے ان نعروں کو پورا کرنے کافی کم وسائل خرچ کئے ہیں۔