چیف جسٹس اجل بھویاں نے افتتاح کیا ، قیدیوں اور انڈر ٹرائلس کی قانونی امداد
حیدرآباد۔6۔ فروری (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس اجل بھویاں جو تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے سرپرست ہیں اور جسٹس پی نوین راؤ اگزیکیٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی نے آج ہائیکورٹ کے سنٹرل ہال سے ورچول تقریب میں لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم کے دفاتر کا افتتاح کیا۔ تلنگانہ کے 16 اضلاع میں یہ دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔ عادل آباد ، کریم نگر ، کتہ گوڑم ، ہنمکنڈہ ، جنگاؤں ، محبوب نگر ، ناگر کرنول ، نلگنڈہ ، نظام آباد ، پدا پلی ، سنگا ریڈی ، سدی پیٹ ، سوریا پیٹ ، وقار آباد ، ورنگل اور بھونگیر میں عوام کو قانونی امداد فراہم کرنے میں یہ ادارے اہم رول ادا کریں گے ۔ اس موقع پر جسٹس پی نوین راؤ نے کہا کہ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے ذریعہ عدالتی تحویل میں موجود ملزمین اور مجرمین کو قانونی امداد فراہم کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماقبل گرفتاری ، ریمانڈ ، ٹرائل اور اپیل کے مرحلہ میں لیگل سرویسز اتھاریٹی غریبوں کو قانونی امداد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم کے ذریعہ وکلاء کی ہمہ وقتی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ دفاتر کے ذریعہ تمام انفرادی افراد کو قانونی مشورہ اور مدد دی جائے گی ۔ سیشن ، اسپیشل اینڈ مجسٹریٹ کورٹس اور اگزیکیٹیو کورٹس میں اپیل اور ٹرائل کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔ کمیٹی کی جانب سے جیلوں کا وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے قیدیوں کی صورتحال سے واقفیت حاصل کی جائے گی۔ جسٹس اجل بھویاں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعہ لیگل سرویسز اتھاریٹی ایکٹ 1987 ء منظور کیا گیا جس کے ذریعہ غریب اور ضرورت مند افراد کو قانونی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ لیگل ایڈ دفاتر میں 14 چیف لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل ، 14 ڈپٹی لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل اور 20 اسسٹنٹ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ زیادہ تر قیدی اور زیر دریافت قیدیوں کا تعلق سماج کے غریب اور کمزور طبقات سے ہوتا ہے ۔ غریب اور ضرورت مند افراد کو ریاست میں بروقت قانونی امداد کے ذریعہ انصاف فراہم کرنے کیلئے نئے دفاتر قائم کئے گئے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے کئی ججس تقریب میں شریک تھے۔ر