غزہ میں معاہدہ کو مکمل کرنے کی پوزیشن میں ہیں :بائیڈن

   

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ ’میرا خیال ہیکہ ہم غزہ میں ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں‘۔ امریکی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اورغزہ میں جنگ بندی کیلئے بالواسطہ بات چیت جاری ہے مگر اس بات چیت میں کسی بڑی پیشرفت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ڈیلا ویر ریاست کے ریہوبتھ بیچ میں موجود اپنی رہائش گاہ پر ہفتے کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس جنگ کو ختم کرنے کے راستے پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم معاہدے کو مکمل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ دونوں فریق جنگ روکنے کے بنیادی اصولوں پر متفق ہیں۔
امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ہفتے کے روز ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا تھا کہ چند روز قبل دوحہ میں تمام فریقین کی نمائندگی کرنے والی منی تکنیکی کمیٹیوں کے درمیان شروع ہونے والی بات چیت تفصیلی اور تعمیری تھی۔