غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے‘ ایک ہی خاندان کے 25 افراد شہید

   

غزہ :غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔12 اپریل کو غزہ شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے کم از کم 25 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔غزہ شہر کے شمالی مغربی حصے میں سدرہ نامی علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا۔کئی منزلہ گھر میں درجنوں افراد موجود تھے اور اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے وہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔33 سالہ شخص نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے ان کے رشتہ دار کے گھر کو نشانہ بنایا، جس میں ہمارے خاندان کے بے گھر افراد موجود تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس حملے میں ان کے 25 سے زیادہ رشتے دار شہید ہوگئے جو سب عام افراد تھے۔امدادی کارکنوں کے مطابق گھر کے ملبے تلے اب بھی متعدد افراد زندہ موجود ہیں مگر انہیں نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ غزہ میں رات بھر مختلف مقامات پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 2 فلسطینی شہید ہوئے۔غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 33 ہزار 634 فلسطینی شہید جبکہ 76 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔