غلطیوں سے پاک اراضی سروے مکمل کیا جائے:کلکٹر

   

میدک ۔10 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بھوبھارتی اسکیم کے تحت اراضی کے دوبارہ سروے کا عمل کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش کے بغیر مکمل کیا جائے اور زمینوں کی حدود کا درست تعین یقینی بنایا جائے۔کلکٹر نے حویلی گھن پور منڈل کے موضع شالی پیٹ میں اراضی کے ری سروے کا فیلڈ سطح پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سروے کشن اور تحصیلدار سندھو رینوکا بھی موجود تھے۔ عہدیداروں نے کلکٹر کو بتایا کہ موضع کی جملہ 534 ایکڑ 2 کنٹہ اراضی میں سے اب تک تقریباً 278 ایکڑ 27 کنٹہ زمین کی حدود کا تعین کرتے ہوئے سروے مکمل کیا جاچکا ہے۔ سرکاری اراضی، انعامی زمین، تفویض کردہ اراضی اور شکم زمین کے سروے کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی ماندہ اراضی کا سروے جاری ہے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پرانے ریکارڈس سے موازنہ کرکے زمینوں کی تفصیلات درست طور پر درج کی جائیں۔ زمینوں کی حدود کے تعلق سے کسانوں کے شبہات کو موقع پر ہی دور کیا جائے اور اگر سروے میں کسی قسم کا فرق پایا جائے تو متعلقہ کسانوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے اعتراضات اور شکایات کی سماعت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سروے اور درست نقشہ جات کی تیاری کے ذریعے زمینوں کی حدود واضح کی جائیں، تاکہ کسی دوسرے شخص کی زمین کسی اور کے نام منتقل ہونے کا امکان نہ رہے۔ ری سروے کے بعد اراضی کے ریکارڈس کو مزید واضح بنانے اور مستقبل میں ملکیت سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے محکمہ مال اور سروے کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔اس موقع پر متعلقہ محکمہ مال کے عہدیداروں اور سروے اہلکاروں نے شرکت کی۔