غلطی سے لیا جناح کا نام، شتروگھن سنہا کی وضاحت

   

نئی دہلی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کی پٹنہ صاحب لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار شتروگھن سنہا نے ہفتہ کو کہا کہ پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا نام ان کے منہ سے غلطی سے نکل گیا تھا، اصل میں وہ مولانا ابوالکلام آزاد کا ذکر کرنا چاہتے تھے ۔مسٹر سنہا نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ کل کے بیان میں انہوں نے محمد علی جناح کا نام غلطی سے لیا تھا۔ وہ مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کا ذکر کرنا چاہتے تھے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ کر حال میں ہی کانگریس میں شامل ہوئے شتروگھن سنہا نے کل ایک بیان میں کہا کہ مہاتما گاندھی سے لے کر محمد علی جناح تک سبھی کانگریس خاندان کا حصہ ہیں۔جناح سے متعلق بیان پر شتروگھن سنہا کو دیگر جماعتوں کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔