غیرشرعی نکاح کیس :عدالت کابشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر اظہار برہمی

   

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی عدالت میں عدم پیشی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے عدالت آنے تک سماعت ملتوی کردی۔سینئر سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عدالت نے جیل ٹرائل کا آرڈر کیا تھا، ہم نے بشریٰ بی بی کو جیل بھیج دیا، ملزمہ کے ضمانتی مچلکے تیار کرلیے گئے ہیں۔جج قدرت اللہ نے زور دیا کہ ملزمہ کو عدالت آنا ہوگا، جب بتادیا تھا کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہے تو ان کو عدالت آنا چاہیے ، بشری بی بی جیل کیوں گئیں، وکیل بشری بی بی نے آگاہ کیا کہ ان کے پاس معلومات ہے کہ بشریٰ بی بی کو عدالت آنے میں خطرہ ہے ۔