غیر آباد جامع مسجد شنکرم پیٹ میدک کو آباد کردیا گیا ۔ نمازوں کا آغاز

   


صدر نشین وقف بورڈ کی مساعی ۔ انتظامی امور کیلئے 25 ہزار روپئے کا شخصی عطیہ
حیدرآباد۔29۔ڈسمبر(سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ نے 70 سال سے ویران و غیر آباد جامع مسجد شنکرم پیٹ ‘ موضع امباجی پیٹ میدک کو آباد کرنے کو یقینی بناتے ہوئے مقامی سرپنچ ‘سابق سرپنچ اور دیگر منتخبہ قائدین سے بات کی اور اس خوبصورت جامع مسجد کو آباد کردیااور مسجد میں پنچوقتہ نماز کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ مسجد میں نماز پنجگانہ کیلئے جنہیں ذمہ داری دی گئی ان کیلئے آئمہ و مؤذنین کے لئے مشاہرہ کی جلد اجرائی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ اس غیر آباد مسجد کو آباد کرنے وقف بورڈ کو مسلسل نمائندگیاں مل رہی تھیں لیکن اسے آباد نہیں کیا جاسکا اور اب انہوں نے مقامی نمائندوں اور مکینوں سے بات کرتے ہوئے مسجد کو دوبارہ آباد کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ جامع مسجد امباجی پیٹ میں نماز عصر کی امامت خود جناب محمد مسیح اللہ خان نے کی اور مسجد میں دوبارہ نمازوں کا آغاز ہوا ۔ زمین کی سطح سے زائد از 50 فیٹ اونچے مقام پر اس خوبصورت قطب شاہی مسجد کے انتظامی امور کیلئے صدرنشین وقف بورڈ نے اپنی جیب سے 25ہزار روپئے کا عطیہ دیا اور مسجد میں مقامی عوام نے لاؤڈ اسپیکر کی تنصیب کے ذریعہ اذان و نماز کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مسجد کو آباد کرنے کے موقع پر صدر مسجد محمد برہان الدین ‘ ایس سائیلو سرپنچ‘ ایس ستیہ نارائنہ ‘ ایس بالا کشن ‘ کے علاوہ بلدی کونسلرس محمد سمیع الدین ‘ عارف علی امجد و دیگر موجود تھے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاست کی غیر آباد مساجد کو آباد کرنے بورڈ سے مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور وقف بورڈ کے ریکارڈس میں موجود غیر آباد مساجد کا جائزہ لینے اور ان کے اطراف مسلم آبادیوں کے متعلق رپورٹ ملنے بعد انہیں آباد کرنے اقدامات کو یقینی بنایاجائے گا۔ م