’غیر انسانی‘ مذہب متعارف کرانے کی کوششیں : ممتابنرجی

   

کولکاتا 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا ہے کہ انتشار پسند سیاست کی بنیاد پر ملک میں ’غیر انسانی‘ مذہب متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ظاہر طور پر بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے گزشتہ روز زعفرانی پارٹی کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ غذا، لباس اور مذہب کے معاملے میں اپنی پسند کو عوام پر تھوپنے کی کوشش کررہی ہے اور پھر یہ فیصلہ بھی کیا جارہا ہے کہ اِس ملک میں کون رہے گا اور کسے نکال باہر کیا جائے گا۔ وہ یہاں بین الاقوامی یوم مادری زبان کے بارے میں پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ لوگ اپنے اعتقاد کی بنیاد پر غیر انسانی مذہب تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ طے کررہے ہیں کہ عوام کس زبان میں بات کریں، کیا کھائیں کیا پہنیں۔ وہ اِس ملک کی تاریخ کو بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر چند لوگ اپنی مرضی کے مطابق کوئی قانون لاگو کرنے کوشاں ہیں تو ہم اُنھیں ایسا کرنے نہیں دیں گے۔ ہم تفرقہ پسند سیاست کے اِس نظریہ کی حمایت نہیں کرتے۔