جموں:کشمیرکی مین اسٹریم پارٹیوں کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف آل پارٹیز میٹنگ طلب کرنے کے بیچ جانی پور جموں میں بھی لوگوں نے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران الیکشن کمیشن کی کاپیاں نذر آتش کی گئیں ۔ نامہ نگار نے بتایا کہ سماجی کارکن سنیل ڈمپل کی سربراہی میں جانی پور جموں میں ایک احتجاج کیا گیا جس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ہاتھوں میں بینر لئے مظاہرین نے کہاکہ غیر مقامی افراد کوووٹنگ فہرست میں شامل کرنا جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے ناقابل برداشت ہے اورا س کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔اس موقع پر احتجاج میں سماجی کارکن سنیل ڈمپل نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ڈوگروہ ریاست کی شناخت کو تبدیل کرنے کا ایک حربہ ہے ۔