فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر کی آج طلبی

   

اینٹی کرپشن بیورو کی نوٹس پر بی آر ایس حلقوں میں ناراضگی
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو کل 16 جون کو تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے۔ بنجارہ ہلز میں واقع اینٹی کرپشن بیورو کے ہیڈکوارٹر میں صبح 10 بجے حاضر ہونے کے لئے کے ٹی آر کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے 26 مئی کو کے ٹی آر کو تحقیقات کے لئے پیش ہونے کی نوٹس دی تھی۔ بیرونی دورہ کے پیش نظر کے ٹی آر نے واپسی کے بعد جواب دینے کی اطلاع دی تھی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ کے انعقاد میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کے لئے کے ٹی آر کو دوبارہ نوٹس جاری کی جس کے تحت انہیں کل 16 جون کو تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہونا ہے۔ کے ٹی راما راؤ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوں گے یا نہیں اس بارے میں الجھن پائی جاتی ہے۔ بی آر ایس کے حلقوں میں کے ٹی آر کی نوٹس کے مسئلہ پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں فارمولہ ای ریسنگ کے لئے 54.89 کروڑ جاری کئے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ہی یہ رقم جاری کی گئی تھی۔ جاریہ سال جنوری میں اینٹی کرپشن بیورو نے کے ٹی آر کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ اس مقدمہ میں A2 کی حیثیت سے سینئر آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار اور A3 کے طور پر ایچ ایم ڈی اے کے سابق چیف انجینئر بی ایل این ریڈی سے اینٹی کرپشن بیورو پوچھ تاچھ مکمل کرچکا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے کے ٹی آر کو دوسری مرتبہ طلب کیا ہے۔ بی آر ایس قائدین نے اینٹی کرپشن بیورو کی نوٹس کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ 1