حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے فارمولہ ای ریسنگ سے متعلق ایکس نیکسٹ جن کے نمائندہ سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ گرینکو نامی ادارہ نے فارمولہ ای ریسنگ کیلئے یہ کمپنی قائم کی ہے۔ کمپنی کو حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر 55 کروڑ روپئے کی ادائیگی کی جانچ جاری ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے گرینکو منیجنگ ڈائرکٹر انیل کمار سے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی اور انہیں جانے کی اجازت دے دی۔ نیکسٹ جن کمپنی نے فارمولہ ای ریسنگ کیلئے تلنگانہ حکومت سے معاہدہ کیا تھا۔ ای ریسنگ کے پہلے ایڈیشن کے بعد درمیان سے ہی کمپنی نے معاہدہ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے انیل کمار سے معاہدہ ختم کرنے کی وجوہات دریافت کی۔ اُس وقت کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو رقم جاری کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے 55 کروڑ روپئے ادا کئے گئے۔ 1
واضح رہے کہ اس معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار اور ایچ ایم ڈی اے کے سابق انجینئر بی ایل این ریڈی سے پوچھ تاچھ کی ہے۔1