فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی بھیم سنگھ سے ملاقات

,

   

عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے ضمن میں جموں میں مختلف وفود سے بات چیت

جموں:عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے ہفتے کو مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے وفود کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی بٹھنڈی میں واقع رہائش گاہ پر صبح 11 بجے سے شروع ہوا۔نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ سے بھی اعلامیہ کے ارکان کی ملاقات ہوئی ۔ علاوہ ازیں سکھ، پنڈت اور گجر و بکروال برادریوں کے وفود نے بھی عوامی اتحاد کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ اپنے ایک ساتھی انیتا ٹھاکر کے ساتھ آج گپکار اعلامیہ کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی’۔انہوں نے اپنے مزید ٹویٹس میں کہا کہ جموں میں عوامی اتحاد کے اراکین نے آج مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کی اور کئی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ کے اراکین وفود کے ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے علاوہ مختلف امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے وادی کشمیر میں اعلامیہ کے اراکین کی دو میٹنگیں ہوئیں اور اس کے علاوہ اس کے بعض اراکین نے عمر عبداللہ کی قیادت میں لداخ کا بھی دورہ کیا اور وہاں مختلف وفود کے علاوہ کرگل ڈیموکریٹک الائنس، اسلامیہ اسکول کرگل اور امام خمینی میمورل ٹرسٹ کے وفود کے ساتھ بھی ملاقات کی۔