رباط :30ستمبر ( یو این آئی ) مراقش کے شاہ محمد ششم نے فاطمہ زہرہ المنصوری کو ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم مقرر کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کی جماعت نے گزشتہ ہفتہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔395 رکنی اسمبلی میں صداقت اور جدیدیت پارٹی نے97 نشستیں جیتیں، جو دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت سے 31 نشستیں زیادہ ہیں، جس نے 66 نشستیں حاصل کیں۔ پارلیمنٹ میں واضح اکثریت نہ ہونے کے باعث ان کی پارٹی کو دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنا ہوگا۔شاہی کابینہ کے مطابق شاہ محمد ششم نے 50 سالہ فاطمہ زہرہ المنصوری جو اس سے قبل وزیر ہاؤسنگ بھی رہ چکی ہیں اور مراقش شہر کی میئر بھی ہیں، کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ فاطمہ زہرہ المنصوری اس سے قبل 2009 میں بھی مراقش کی میئر منتخب ہوئی تھیں، وہ اس عہدے پر براجمان ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ فاطمہ زہرہ المنصوری مراقش کی پہلی اور عرب دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم ہیں۔خیال رہیکہ مراقش میں نیم آئینی بادشاہت کا نظام قائم ہے، جہاں اقتدار کا اصل سرچشمہ شاہ محمد ششم ہیں اور پارلیمنٹ کے پاس قانون سازی کے محدود مگر اہم اختیارات ہیں۔ اگرچہ 2011 میں آئینی اصلاحات کے ذریعے پارلیمنٹ کو ماضی سے زیادہ خود مختاری دی گئی، لیکن اہم پالیسی معاملات میں بادشاہ کے پاس اب بھی وسیع اختیارات موجود ہیں۔