فحش فلم سازی ریاکٹ، اداکارہ شلپاشیٹی کے شوہر راج کندرا گرفتار

   

نئی دہلی: فلم اداکارہ شلپا شیٹی کے بزنس مین شوہر راج کندرا کی فحش فلمیں بنانے کے معاملے میں ملوث ہونے اور گرفتار کئے جانے کے صرف ایک روز بعد ان کا ایک ایسا ٹوئٹ وائرل ہوگیا ہے جو انہوں نے آج سے نو سال قبل کیا تھا جس میں انہوںنے سوال کیا تھا کہ پورنوگرافی قانونی اور جسم فروشی کرنا غیر قانونی کیوں ہے؟ یہ ٹوئٹ راج کندرا نے مارچ 2012ء میں کیا تھا۔ گزشتہ شب دیر گئے ان کی گرفتاری کے بعد اس پرانے ٹوئٹ کو بھی ڈھونڈ نکالا گیا۔ اس سلسلہ میں اب تک نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ جاریہ سال 4 فروری کو راج کندرا کے خلاف ایک خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اسے فلموں میں اداکاری کرنے کا جھانسہ دے کر اس سے زبردستی فحش فلم میں کام کروایا گیا۔ پولیس نے راج کندرا کو اس گھنائونے جرم کا کلیدی سازشی قرار دیا اور کہا کہ راج کندرا کے خلاف پولیس کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں۔ دریں اثناء راج کندرا نے اس معاملے میں ملوث ہونے کی تردید کرکے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں /23 جولائی تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ راج کندرا قبل ازیں آئی پی ایل میاچ فکسنگ میں بھی ملوث رہ چکے ہیں۔