صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا انتباہ
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ فرائض سے غفلت کی صورت میں اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ عہدیداروں کی غفلت اور تساہل کے نتیجہ میں حکومت کی نیک نامی متاثر ہورہی ہے۔ ایم آر او رتبہ سے آئی اے ایس آفیسرس تک ہر کسی کو چاہئے کہ وہ اپنے فرائض پوری دیانتداری کے ساتھ ادا کریں۔ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی غفلت کی صورت میں کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے حکومت کے خلاف بی آر ایس رکن کونسل کویتا کے بیانات کی مذمت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات کی جانب سے کویتا کو بیانات دینے کا کوئی حق نہیں ہے کیوں کہ کے سی آر کابینہ میں جب خواتین کی نمائندگی نہیں تھی اُس وقت کویتا خاموش رہیں۔ 1
لوک سبھا حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں کانگریس قائدین شرکت کریں گے۔ جنوبی ہند کی ریاستوں کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لئے اسٹالن نے اجلاس طلب کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ازسرنو حد بندی کے خلاف ہے کیوں کہ اِس سے جنوبی ریاستوں کا نقصان ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ اِس مسئلہ پر کانگریس بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن کرے گی۔ 1
جنگلات کی اراضی کے ہراج کے خلاف یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبہ کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ ( سیاست نیوز ) یونیورسٹی آف حیدرآباد میں کل سیکٹروں طلبہ نے یونیورسٹی کیمپس کے بازو کنچہ گچی باؤلی میں مبینہ طور پر اربن فارسٹ کی 400 ایکر اراضی کو ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاجاً ایک دھرنا منظم کیا ۔ حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکیچر کارپوریشن کے ذریعہ انفراسٹرکیچر ڈیولپمنٹ کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ یونین قائدین کی قیادت میں کوئی 500 طلبہ نے اس اراضی کی طرف مارچ کیا جس کا ہراج کیا جانے والا ہے ۔ طلبہ نے حکومت کے اس فیصلہ کی مذمت کی اور اس ہراج کو فوری روک دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے ماحولیات ، بائیو ڈائیورسٹی ، تعلیم اور وائلڈ لائف کیلئے مضر اثرات ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ اراضی ایک اربن فارسٹ ہے اور یہاں کسی ڈیولپمنٹ سے اس علاقہ میں ماحولیاتی نظام متاثر ہوگا ۔