فرانسیسی صدر کی درگاہ نظام الدین اولیاءؒ پر حاضری

,

   

قوالی سے بھی محظوظ ‘ منتظمین سے تفصیلات کا حصول

نئی دہلی: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کرتویہ پتھ پر جمعہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے چند گھنٹے بعد رات کے دہلی میں واقع درگاہ نظام الدین اولیاء پر حاضری دی۔ یہ درگاہ مشہور صوفی نظام الدین اولیاء اور ان کے شاگرد امیر خسرو کی قبر ہے اور یہاں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ تشریف لاتے ہیں۔نئی دہلی کے قلب میں واقع اس 700 سال پرانے مقدس مقام کے دورے کے دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ موجود تھے۔میڈیاکے مطابق میکرون رات تقریباً دس بجے صوفی درگاہ پہنچے اور آدھے گھنٹے تک یہاں رہے۔ اس دوران انہوں نے اس جگہ کی مشہور قوالی سے بھی محظوظ ہوئے۔ میکرون جتنی دیر تک درگاہ میں رہے، اتنی ہی دیر وہ وہاں کے منتظمین سے کچھ معلومات حاصل کرتے ہوئے نظر آئے۔درگاہ نظام الدین کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے راشٹرپتی بھون میں ہندوستانی صدر دروپدی مرمو کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ صدر مرمو نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں فریقوں نے کئی اہم موضوعات پر شراکت داری کی۔قبل ازیں، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے یوم جمہوریہ 2024 کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریبات کے دوران وزیر اعظم مودی اور میکرون ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ انداز میں پیش آئے۔