فرانس میں ہزاروں افراد کا احتجاج’ویکسن نامنظور‘ کے نعرے

   

پیرس : فرانس کے مختلف شہروں میں کورونا کی ویکسین نہ لگانے پر پابندیوں کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرے کیے ہیں۔خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے ہر اختتام ہفتہ ہونے والے ان مظاہروں میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔پولیس کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ان مظاہروں میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک تھے۔فرانس کی وزارت داخلہ ملک کے مختلف شہروں میں کیے جانے والے ان مظاہروں میں شریک افراد کے اعداد وشمار اکھٹے کرتی ہے۔فرانس کی پارلیمنٹ میں ویکسین نہ لگانے والے شہریوں پر مختلف قسم کی پابندیوں کی قانون سازی کے لیے اراکین میں ایک ڈرافٹ بل پر بحث جاری ہے۔دارالحکومت پیرس میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ ایفل ٹاور کے قریب کیا گیا جس کی قیادت دائیں بازو کے سیاست دان فلورین فلیپوٹ نے کی۔ملک کے دیگر بڑے شہروں بورڈیکس، ٹولیوز اور للی میں بھی بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکلے۔مظاہروں میں شریک افراد ‘ویکسین نامنظور’ اور ‘جوکووچ کو رہا کرو’ کے نعرے لگا رہے تھے۔