فرانس کے بعد جرمنی بھی مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کوشاں

,

   

جرمن مشن کے سربراہ کو یوروپی یونین میں اتفاق رائے کا یقین
نئی دہلی 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی، جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی عالمی دہشت گرد کی حیثیت سے یوروپی یونین کی فہرست میں شمولیت کے لئے کوشاں ہے۔ تاہم ہندوستان میں تعینات جرمن مشن کے نائب سربراہ جاسپر وائک نے بتایا کہ اس کے لئے کوئی تاریخ یا وقت مقرر نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ جرمنی کو اُمید ہے کہ ایک مرحلہ پر یقینا مسعود اظہر کو اقوام متحدہ میں بھی عالمی دہشت گرد قرار دے دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ہم اس پر کام کررہے ہیں اور اس کا کوئی بہتر حل برآمد ہوگا‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہم مختصر عرصہ میں یوروپی یونین میں اس کے لئے کام کررہے ہیں۔ میں آپ کو کوئی قطعی تاریخ نہیں بتاسکتا کہ کس طرح اسے انجام دیا جائے گا۔ مگر جرمنی ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے لئے بہت زور دے رہے ہیں۔ وائیک نے ایک پریس کانفرنس کے موقع پر یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ اقوام متحدہ میں اس میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی جب ہم نے دو ہفتہ قبل یہاں کوشش کی تھی لیکن ہم نے اُمید نہیں چھوڑی۔ ہمیں توقع ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے دوسرے مرحلہ میں اپنی کوشش میں کامیاب ہوجائیں گے۔ اقوام متحدہ میں کئی روز قبل چین کی جانب سے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد کو مسدود کردینے کے بعد مارچ میں جرمنی نے یوروپی یونین میں یہ تحریک شروع کی۔ جرمنی اس سلسلہ میں کئی یوروپی ممالک سے رابطہ میں ہے۔ یوروپی یونین کے تمام 28 رکن ممالک کو اس تحریک کی تائید کرنی ہوگی۔ یہ بات قبل ازیں بعض ذرائع نے بتائی تھی۔ یوروپی یونین میں اتفاق رائے کی اساس پر ایسے مسائل کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ 15 مارچ کو فرانس نے مسعود اظہر پر مالیاتی پابندیاں لگادی تھیں اور کہا تھا کہ وہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے معاملہ میں یوروپی یونین کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ کام کرے گا اور جیش محمد کے سربراہ کے نام کو ان لوگوں کی ممنوعہ فہرست میں شامل کروانے میں ساتھ دے گا جو لوگ یا جو تنظیمیں دہشت گردانہ کارروائیاں کرتی ہیں۔