فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی فروخت معاملہ میں ملوث انجینئر گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 3 اپریل ( سیاست نیوز ) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی فروخت کرنے کے معاملہ میں ملوث ایک سیول انجنیئر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ۔ تفصیلات کے بموجب اسٹیٹ بینک آف بیکانیر اینڈ جئے پور کے منیجر سجن لال ٹاک نے 2014ء میں سی سی ایس پولیس سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ بی ورا پرساد نامی سیول انجنیئر نے فرضی دستاویزات بشمول اراضی پلاٹس کے لے آؤٹس ، بلدیہ کے اجازت نامے اور دیگر دستاویزات تیار کرتے ہوئے بینک سے 69لاکھ کا قرض حاصل کیا تھا اور 9 ریلوے ملازمین اور پالی ٹیکنک کالج کے لکچرر کو دھوکہ دیا تھا ۔ سال 2014سے ورا پرساد راؤ پولیس کو چکمہ دیتا ہوا گھوم رہا تھا اور وہ اکثر اپنا مکان تبدیل کیا کرتا تھا ۔ سی سی ایس پولیس کی ٹیم کو ورا پرساد کی موجودگی کی اطلاع پر اُسے گرفتار کرلیا گیا اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔