منوگوڑ میں رائے دہندوں سے صدر نشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کی اپیل ، ٹی آر ایس امیدوار کے لیے انتخابی مہم
حیدرآباد۔یکم۔نومبر۔(سیاست نیوز) منگوڑ حلقہ اسمبلی میں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو وہ تمام لوگ کامیاب بنائیں گے جو ریاست میں فرقہ پرستی کے خاتمہ اور دولت و لالچ کی سیاست کے خاتمہ کے حق میں ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے 3نومبر کو منعقد ہونے والے حلقہ اسمبلی منگوڈو کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کے معاملوں میں ملوث سیاسی جماعت ٹی آر ایس کا مقابلہ کرنے کی بات کررہی ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ تلنگانہ کے ارکان اسمبلی کو خریدنا ممکن نہیں ہے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ تلنگانہ ایک ریاست نہیں بلکہ ایک جذبہ ہے اور اس جذبہ سے مقابلہ کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہو ںنے منگوڈو حلقہ اسمبلی میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اپنے عوام کو دھوکہ دیا ہے جبکہ کانگریس اپنے رکن اسمبلی کو بھارتیہ جنتاپارٹی میں شامل ہونے سے روک نہیں پائی ۔انہو ںنے منگوڈو کے عوام سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی کے دن کسی بھی اثر میں آئے بغیر تلنگانہ سے فرقہ واریت کے خاتمہ اور اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ صدرنشین نے اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے علاوہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ام حلقہ جات اسمبلی کی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن شہر سے متصل ہونے کے باوجود منگوڈو حلقہ اسمبلی کی ترقی میں سابق رکن اسمبلی کانگریس اور موجودہ امیدوار بی جے پی کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اسی لئے حلقہ کے رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے امیدوار کو کامیاب بناتے ہوئے ترقی کی راہ ہموار کرنی چاہئے ۔م