حیدرآباد۔4جولائی (سیاست نیوز) فضائی شعبہ میں ملازمین کی قلت کی پیش قیاسیاں اس وقت درست ثابت ہوئیں جب گذشتہ ہفتہ ملک بھر میں انڈیگو ائیر لائنس کی پروازوں میں تاخیر ہوئی اور جو پروازیں چلائی گئیں ان میں مسافرین کی سہولت کیلئے عملہ کی قلت رہی ۔ ڈائرکٹر جنرل ایویئیشن سے توثیق کی گئی کہ ہفتہ کو انڈیگو کی پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے اور ڈی جی سی اے کی جانب سے فضائی کمپنی کو مکتوب روانہ کرکے وجوہات بتانے کی خواہش کی گئی ہے ۔ بتایاگیا کہ ائیر انڈیا کی جانب سے ہفتہ کو پائیلٹس ‘ فضائی عملہ و دیگر کیلئے انٹرویوز رکھے گئے تھے اور انڈیگو میں برسر خدما ت 50 فیصد سے زائد عملہ نے ان انٹرویوز میں اپنی قسمت آزمانے انڈیگو میں ناسازیٔ صحت کی بناء پر رخصت کی درخواست داخل کردی تھی ۔دونوں ہی فضائی کمپنیوں انڈیگو یا ائیر انڈیا کی جانب سے توثیق نہیں کی گئی کہ ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن ڈی جی سی اے ذرائع کے مطابق ملک کی سرکردہ ائیر لائنس انڈیگو کا عملہ اور پائلٹس نے ائیر انڈیا میں خدما ت کا منصوبہ تیار کیا ۔بتایاجاتا ہیکہ سابق میں فضائی شعبہ میں ایسی مسابقت نہیں تھی اور فاضل عملہ موجود ہوا کرتا تھا لیکن اب فضائی شعبہ جس رفتار سے وسعت حاصل کر رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ملک میں مستقبل قریب میں فضائی عملہ بالخصوص پائیلٹس کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ڈی جی سی اے کے مطابق بیشتر ریاستوں میں انڈیگو کی پروازوں میں تاخیر کا مشاہدہ کیا جائے تو مجموعی اعتبار سے 45.5 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جس کی بنیادی وجہ عملہ کی قلت رہی ۔بتایاجاتا ہے کہ ائیر انڈیا کے انٹرویوز میں تجربہ کے ساتھ رجوع ہونے والے بیشترعملہ کا تعلق انڈیگو سے ہے ۔م