نئی دہلی : سوئٹزرلینڈ کے شہر میونخ سے بینکاک جانے والی جرمنی کی ایئرلائن لفتھانسا کی فلائٹ کو میاں بیوی کی آپس میں لڑائی کے باعث نئی دہلی میں اتارنا پڑ ا۔ میڈیا کے مطابق چہارشنبہ کو میونخ سے بینکاک جانے والی فلائٹ کو مسافروں کی لڑائی کے باعث نئی دہلی میں اتارا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لفتھانسا کی فلائٹ ایل ایچ 772 کے عملے نے بتایا کہ فلائٹ پر موجود میاں بیوی کے درمیان لڑائی ہوگئی تھی۔نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ایوی ایشن سکیورٹی نے میڈیاکو بتایا کہ ’میاں بیوی کے درمیان لڑائی کی وجہ تو ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم اس لڑائی کے باعث فلائٹ کو نئی دہلی اتارا گیا۔نئی دہلی میں اترنے سے قبل اس فلائٹ نے پاکستان میں لینڈ کرنے کی اجازت مانگی جسے نامعلوم وجوہات کے باعث پاکستان نے مسترد کر دیا جس کے بعد یہ پرواز نئی دہلی اتر گئی۔نئی دہلی میں فلائٹ کے اترنے کے بعد لڑائی جھگڑا کرنے والے میاں بیوی کو جہاز سے اتار دیا گیا اور سکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔