فلائی اوور سے تیز رفتار کار گر پڑی، ایک ہلاک

,

   

ایرہ گڈہ کے قریب حادثہ، پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک

حیدرآباد 18 فروری (این ایس ایس ؍ پی ٹی آئی) ایرہ گڈہ ۔ بھارت نگر فلائی اوور پر منگل کو پچھلے پہر 2 بجے شب پیش آئے انتہائی خوفناک حادثہ میں کار فلائی اوور سے گر پڑی جس کے نتیجہ میں 27 سالہ نوجوان ہلاک اور دیگر پانچ شدید زخمی ہوگئے۔ مہلوک کی شناخت 27 سالہ محمد سہیل ساکن بورا بنڈہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولیس نے کہاکہ ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ مہلوک نوجوان حادثہ کے وقت کار نہیں چلارہا تھا بلکہ ڈرائیور کے بازو بیٹھا تھا۔ سنیل گاڑی چلارہا تھا۔ پولیس انسپکٹر نے کہاکہ بادی النظر میں محسوس ہوتا ہے کہ تیز رفتاری کے سبب یہ کار بے قابو ہوکر پُل سے گر پڑی اور سہیل برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ صنعت نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔ فلائی اوور سے کار گرنے کا منظر سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔ زخمیوں کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ سہیل کے ساتھ سنیل، عرفان، اشفاق اور غوث موجود تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران فلائی اوور پر یہ اس قسم کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔ گچی باؤلی کے قریب گزشتہ سال نومبر میں ایک کار فلائی اوور سے گر پڑی تھی جس کے نتیجہ میں راستہ سے پیدل گزرنے والی ایک خاتون ہلاک اور دیگر چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔