فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے بنڈلہ گوڑہ ایم آر او کو یادداشت، عزیز پاشاہ نے احتجاج کی قیادت کی

   

حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری عزیز پاشاہ کی قیادت میں ایم آر او بنڈلہ گوڑہ کو یادداشت پیش کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کے فوائد حقیقی غریب اور مستحقین تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ ریاست گیر سطح پر غریبوں کے حق میں مہم کے تحت سی پی آئی چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا جس میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ چندرائن گٹہ کے سکریٹری محمد سلیم، ڈیویژن سکریٹری بارکس احمد شریف، آر ملیش، اے راجو، سید عمران علی، بابو جانی، شیخ غوث، انور خاں اور محمد فرید نے شرکت کی۔ ایم آر او کو یادداشت پیش کرتے ہوئے دلت بندھو، آسرا پنشن، ڈبل بیڈ روم مکانات، نئے راشن کارڈز کی اجرائی، مکانات کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی فراہمی اور بے گھر غریب خاندانوں کو امکنہ اراضی جیسی اسکیمات پر عمل آوری کا مطالبہ کیاگیا۔ یادداشت میں کہا گیا کہ فلاحی اسکیمات میں مقامی ارکان اسمبلی کے سفارش کردہ یا ان کے حامیوں کو شامل کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں حقیقی مستحقین فوائد سے محروم ہیں۔ حکومت نے حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن یہ نشانہ آج تک مکمل نہیں ہوا۔ شادی مبارک اورکلیان لکشمی کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ کیا گیا۔ر