سیاسی اور سماجی قائدین کی شرکت، اسرائیلی مظالم کی مذمت
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے عالمی یوم اظہار یگانگت کے طور پر مظلوم فلسطینیوں کی تائید میں موم بتی ریالی منظم کی گئی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی ونود ریڈی کے علاوہ سابق ایم ایل سی یادو ریڈی اور دیگر قائدین نے ریالی میں حصہ لیتے ہوئے فلسطینی کاز کی تائید کی اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کی۔ آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈاریٹی آرگنائزیشن اور پروگریسیو سیکولر آرگنائزیشن نے موم بتی ریالی کا اہتمام کیا تھا۔ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے نعرے لگائے گئے۔ بیانرس پر لکھا گیا کہ فلسطین کے ساتھیو ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر مقامی افراد نے ریالی میں حصہ لیتے ہوئے فلسطینی عوام پر مظالم کی مذمت کی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ فلسطین کے کاز کی تائید کی ہے۔ گاندھی جی کی قیادت میں ہندوستان کی قیادت نے فلسطینیوں کے حقوق کی تائید کی تھی۔ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بازیابی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے فلسطینی عوام کی جمہوری جدوجہد اور قربانیوں کو خراج پیش کیا گیا۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ اسرائیل کو مظالم ترک کرنے کیلئے عالمی طاقتوں کی جانب سے دباؤ بنایا جائے۔ موم بتی ریالی میں عام آدمی پارٹی کی ڈاکٹر ڈی سدھاکر، سی پی ایم کے ناگیشورراؤ، لوک ستہ کے جگن میٹلا اور دوسروں نے شرکت کی۔ر