فلسطینی قیدی کی بگڑتی صحت پر یورپی یونین کا اظہار تشویش

   

برسلز: یورپین یونین نے جولائی سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے فلسطینی مہر الاخرس کی بگڑتی ہوئی صحت کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنیوا کنونشن کے تحت قیدیوں کے انسانی حقوق کا بھی احترام کرے۔ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یورپین یونین ایک فلسطینی قیدی مہر الاخرس جو کہ اپنی گرفتاری کا جواز مانگنے کیلئے جولائی سے بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں، کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ یورپین یونین کے مطابق اس سے قطع نظر کہ ان پر کیا الزامات ہیں، یورپین یونین اسرائیل کی جانب سے باقاعدہ الزام کے بغیر افراد کو حراست میں رکھنے کے وسیع استعمال کے بارے میں اپنے خدشات کا اعادہ کر تی ہے۔ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اعلامیے کے مطابق اس وقت لگ بھگ 350فلسطینی اسرائیل کی انتظامی حراست میں ہیں۔ قیدیوں کا یہ حق ہے کہ انہیں کسی بھی نظر بندی سے متعلق الزامات سے آگاہ کیا جائے اور ان کا مقدمہ منصفانہ انداز میں چلے۔