حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) تلگو فلمسٹار علی کے ساتھ پھر ایک مرتبہ ناانصافی ہوئی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت کے بعد انہیں اہم ذمہ داری دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن کونسل اور پھر راجیہ سبھا دونوں مواقع پر انہیں فراموش کردیا گیا ۔ فلمسٹار علی اور ان کے حامیوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت کے بعد راجمندری سے اسمبلی کیلئے میدان میں اتارنے کا اشارہ دیا گیا لیکن سیاسی مفاہمتی صورتحال کے سبب ممکن نہ ہوسکا ۔ بعد میں انہیں کسی نامزد عہدہ پر فائز کرنے کی اطلاعات گشت کرنے لگی ۔ قانون ساز کونسل اور راجیہ سبھا دونوں مواقع پر انہیں نظر انداز کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی اہم کارپوریشن کے صدرنشین کے عہدہ پر علی کو فائز کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران علی نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کی نظر میں ہوں اور مستقبل میں وہ جو بھی ذمہ داری دیں گے قبول کروں گا۔ر