محکمہ انسداد منشیات کو سائبر کرائم بیورو کی نئی گاڑیوں کو جھنڈی دکھانے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔2۔جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں فلم انڈسٹری کی سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ منشیات سے معاشرہ کی حفاظت کیلئے کام کرے۔ حکومت سے منشیات پر قابو پانے اور سائبر جرائم پر کنٹرول کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پولیس بالخصوص سائبر کرائم اور انسداد منشیات کی جانب سے مؤثر کاروائی کرکے ان پر قابو پانے کوشش جا رہی ہیں لیکن بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پولیس کمانڈ کنٹرول میں محکمہ انسداد منشیات اور سائبر کرائم کیلئے مختص گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ سائبر کرائم دنیا کا سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے اور دنیا بھر میں اس کے حل کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہو ںنے سائبر کرائم پولیس کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں سائبر جرائم پر قابو پانے مؤثر طریقے سے کام کیا جا رہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت عوام میں اعتماد پیدا کرکے ان جرائم پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاست میں عوام اور متاثرین کیلئے ’دوستانہ پولیس ‘ ہے جبکہ مجرمین کیلئے دوستانہ پولیس کا تصور نہیں کیا جانا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سائبر جرائم پر قابو پانے و انسداد منشیات کیلئے خصوصی فنڈس کی فراہمی اور عہدیداروں کی تعیناتی کی جار ہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت منشیات پر قابو پانے خصوصی مہم کے حق میں ہے اور جو اداکار فلموں کیلئے رعایت چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ فلم سے قبل انسداد منشیات پر مبنی مختصر فلم تیار کریں اور ان کی نمائش کریں تاکہ حکومت سے انہیں رعایت فراہم کی جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں خاندانی نظام کو بچانے اور اس کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ منشیات کے فروغ پر کنٹرول کیا جائے کیونکہ منشیات کی لعنت خاندانی نظام کو تباہ کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیشرو حکومت کی لاپرواہی سے ریاست میں منشیات کو فروغ ملا ہے لیکن اقتدار کی تبدیلی اور موجودہ حکومت کے سخت فیصلوں کے بعد مجرمین خوف محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ مختلف تحریکوں کا مرکز رہی ہے اور اب تلنگانہ سے ملک بھر میں منشیات کے خاتمہ کیلئے تحریک کا آغاز کیا جا رہاہے ۔ ریونت ریڈی نے محکمہ سائبر کرائم اور محکمہ انسداد منشیات کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ان مسائل کے حل کیلئے خود فیصلہ کرکے کاروائیوں سے گریز نہ کریں بلکہ آہنی پنجہ سے جرائم پر قابو کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے قبل ازیں دونوں حکموں کیلئے گئی نئی گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوںنے میڈیا نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی تنازعات سے زیادہ معاشرتی مسائل پر توجہ دے کر ان کے حل کیلئے کام کریں اور عوام میں شعور اجاگر کرکے معاشرتی برائیوں سے عوام کو واقف کروائیں تاکہ نوجوانوں کو ان لعنتوں کا شکار ہونے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے میگا اسٹار چرنجیوی کی جانب سے منشیات کی لعنت کے خاتمہ کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ ایسی کوششیں دیگر اداکاروں کوبھی اپنی سماجی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے کرنی چاہئے ۔3