تلنگانہ ہائی کورٹ کی برہمی کے بعد نظرثانی
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد وزارت داخلہ نے تلگو فلم ’ گیم چینجر‘ کے ٹکٹ کی شرح میں اضافہ اور رات دیر گئے شو کی دی گئی اجازت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا نے رات دیر گئے دو خصوصی شو اور فلم کے ٹکٹ کی شرح میں اضافہ کی پہلے اجازت دی تھی جس پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے تنقید کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ ’ پشپا2 ‘ کے پریمیئر شو کے موقع پر بھگدڑ کے بعد حکومت نے پابندی کا جو اعلان کیا تھا اس پر برقرار کیوں نہیں ہے۔ عدالت کی جانب سے نظرثانی کی ہدایت کے بعد اسپیشل چیف سکریٹری نے احکامات جاری کئے تاہم ان پر عمل آوری 16 جنوری سنکرانتی کے بعد ہوگی۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم نے کہا کہ رات دیر گئے شو کی اجازت نہیں رہے گی۔ حکومت نے رات ایک بجے اور پھر علی الصبح 4 بجے دو خصوصی شو کی اجازت دیتے ہوئے 8 جنوری کو احکامات جاری کئے تھے۔ ملٹی پلیکس میں 150 روپئے اور سنگل تھیٹرس میں 100 روپئے کی اجازت دی گئی تھی۔1