فلک نما میں قتل کی سنگین واردات، علاقہ میں سنسنی

   

قاتلوں کی تلاش، اے سی پی ایم ڈی ماجد کا بیان

حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں پیش آئی قتل کی سنگین واردات کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور سارے پرانے شہر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار علاقہ فلک نما پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ گلزار نگر فقیر بستی علاقہ کا ساکن 22 سالہ شیخ عباس کو نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شدید زخمی حالت میں عباس کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگیا۔ شیخ عباس پیشہ سے جی ایچ ایم سی کا ملازم تھا۔ عباس کی شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی اور وہ اپنی والدہ کا اکلوتا بیٹا تھا۔ عباس کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے لڑکے کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ رات کا کھانا افراد خاندان کے ساتھ کھانے کے بعد وہ گھر سے باہر نکلا تھا اور کچھ دیر بعد اس کی ہلاکت کی اطلاع آئی۔ مقام واردات پر پہنچنے والی پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کردیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جس کی پولیس ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے۔ شیخ عباس کے قتل کی وجہ ناجائز مبینہ طور پر تعلقات بتائے گئے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن ایم ڈی ماجد نے بتایا کہ عباس کے قاتلوں کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد عباس کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ فلک نما پولیس مصروف تحقیقات ہے۔