فلک نما کے قریب واقع پہاڑی سرسبز و شادابی میں تبدیل

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : مانسون کے موسم نے فلک نما کے آس پاس کی پہاڑیوں کو ایک سرسبز و شاداب منظر میں تبدیل کردیا ہے ۔ جس نے ایک منفرد قدرتی نظارے کو زندہ کردیا ہے ۔ اس علاقے میں آزادانہ طور پر گھومنے والے موروں کا نظارہ اور آواز سنائی دے رہی ہے ۔ صبح کے اوقات میں پرندوں کو اکثر ڈھلوانوں سے پکارتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جب کہ ان میں سے کچھ کبھی کبھار رہائشی علاقوں اور یہاں تک کہ تاریخی فلک نما محل کے آس پاس کے میدانوں میں بھی دکھائی دیتے ہیں ۔ رنگ برنگے پرندے اپنے متحرک پنکھوں کے ساتھ بارش کے بعد ہرے بھرے پس منظر میں پھیلے ہوئے مقامی لوگوں کے لیے ایک پسندیدہ منظر بن گئے ہیں ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ انسانی رہائش سے گھرا ہونے کے باوجود مور امن سے رہ رہے ہیں کیوں کہ لوگ ان کی عزت اور حفاظت کرتے ہیں ۔ مقامی رہائشوں نے بتایا کہ پہاڑیوں میں 50 سے زیادہ مور ہیں ۔ صبح ہوتے ہی ان کی پکار صاف سنی جاسکتی ہے ۔ کبھی کبھی وہ کالونیوں کی گلیوں میں بھی گھومتے ہوئے نظر آتے ہیں انہیں کوئی پریشان نہیں کرتا ۔ لوگ انہیں دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ مدینہ کالونی کے رہائشوں نے بتایا کہ کئی سالوں سے برسات کے موسم میں جب پہاڑیاں ہری بھری ہوجاتی ہے تب وہ یہاں نظر آتے ہیں جو ان کے لیے بہتر پناہ گاہ ثابت ہوتی ہے ۔ مدینہ کالونی کے ایک رہائشی نے بتایا کہ بارش کے بعد مور زیادہ باہر نکلتے ہیں ۔ بچے اور بزرگ کچھ فاصلے پر کھڑے ہو کر انہیں دیکھتے ہیں ۔ اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا جاتا ۔ جس کی وجہ سے وہ بلا خوف گھومتے ہیں ۔ موروں کو کبھی کبھار فلک نما پیالیس کے وسیع میدانوں کے اردگرد بھی دیکھا جاتا ہے ۔ جو اس مقام کے ورثے کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں ۔۔ ش m/b