فوجی سربراہ نے جموں میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

   

جموں: فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی نے نگروٹہ میں فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ سینئر آفیسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے خطے میں مکمل امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کوناگزیر قرار دیا۔جموں نیشن دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوجی چیف جنرل اوپیندرا دیویدی نے نگروٹہ میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں شمال مشرقی کمان کے سربراہ ، جی او سی وائٹ نائٹ کارپس،جی او سی چنار کارپس، جی او سی رائزنگ سٹار کارپس ، جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوئین، اے ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر وجے کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔موصوف ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران فوجی چیف کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حالیہ ملی ٹینٹ حملوں کے بعد جموں صوبے خاص کر راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔