فوجی فنڈز میں کرپشن کا الزام کویت کے سابق وزیراعظم اور وزیر دفاع کو سزا

   

کویت سٹی: کویت کی ایک اعلیٰ عدالت نے سابق وزیر دفاع اور داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح کو فوجی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں 7 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔کویت کی عدالت نے انہی الزامات پر سابق وزیراعظم شیخ جابر المبارک الصباح کو فنڈز واپس کرنے کا حکم بھی دیا۔ ان الزامات پر شیخ جابر نے 2019 میں وزیر اعظم کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور یوں ان کا 8 سالہ وزارت عظمیٰ کا دور ختم ہوگیا تھا۔ وزیر دفاع کو بھی مستعفی ہونا پڑا تھا۔ان دونوں رہنماؤں پر 78 کروڑ ڈالر (240 ملین دینار) کے سے زیادہ فوجی فنڈز کے غلط استعمال کا الزام تھا تاہم دونوں کو 2022 میں بری کردیا گیا تھا۔بعد زاں استغاثہ کی درخواست پرکیس دوبارہ شروع کیا گیا اور شواہد کی روشنی میں عدالت نے وزیر دفاع کو 7 سال قید کی سزا سنائی اور وزیراعظم کو غبن شدہ رقم واپس کرنے کا حکم بھی دیا۔