فوج کی جنگی تیاریوں سے متعلق مالی فیصلے کرنے میں تاخیر درست نہیں:راجناتھ

   


نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے محکمہ دفاع سے کہا کہ وہ افواج کی ضروریات سے متعلق فیصلے تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ لے تاکہ افواج کی جنگی تیاریوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔ پیر کو یہاں ڈیفنس اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ فوجوں کی جنگی تیاریوں کے لیے مالی وسائل بہت اہم ہیں اور اس معاملے میں فوری اور شفاف فیصلے کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ملک میں جنگی تیاریوں کے لیے نہ صرف مناسب مالی وسائل کا ہونا ضروری ہے بلکہ اس کے لیے فوری اور شفاف فیصلے کرنا بھی ضروری ہے ۔ فیصلہ سازی میں تاخیر سے نہ صرف وقت اور پیسے کا نقصان ہوتا ہے بلکہ ملک کی جنگی تیاریوں پر بھی منفی اثر پڑتا ہے ۔ اس کو یقینی بنانے میں محکمہ دفاع کا بہت اہم کردار ہوتا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ زندگی میں حساب کتاب کی بہت اہمیت ہے کیونکہ کوئی فرد ہو خواھ وہ خاندان ہو، معاشرہ ہو یا کوئی ادارہ، کھاتوں پر توجہ دیئے بغیر وہ زیادہ دنوں تک نہیں چل سکتا۔ وسائل کے ضیاع پر توجہ مبذول کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “دنیا میں تمام وسائل محدود ہیں۔ یہی بات کسی قوم اور اس کے دفاعی شعبے پر بھی نافذ ہوتی ہے ۔ ایسے میں وسائل کے منصفانہ استعمال کی اشد ضرورت ہے ۔