فہرست رائے دہندگان میں تصحیح کیلئے 8 لاکھ 67 ہزار درخواستوں کی وصولی

   


5 جنوری کو تلنگانہ میں نئی فہرست کی اجرائی، وکاس راج چیف الیکٹورل آفیسر کا بیان

حیدرآباد۔11۔ڈسمبر(سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان میں اندارج‘ پتہ کی تبدیلی اور دیگر امور کے لئے مجموعی اعتبار سے تلنگانہ میں 8.67لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں نئے رائے دہندوں کے اندراج کے لئے 5.66لاکھ فارم6 داخل کئے گئے ہیں جبکہ 1.83 لاکھ فارم 7 داخل کئے گئے ہیں اور اسی طرح 1.17لاکھ فارم 8داخل کئے گئے ہیں ۔ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر وکاس راج کے مطابق ریاست میں آن لائن فارمس کے علاوہ کچھ درخواست کاغذ پر وصول ہوئی ہیں جنہیں ڈیجٹلائز کردیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ 5جنوری 2023 کوریاست تلنگانہ کی نئی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی اور 28 ڈسمبر تک ان درخواستوں کی یکسوئی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ مسٹر وکاس راج کے مطابق فہرست رائے دہندگان کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کے عمل کے آغاز کے تحت اکٹوبر سے وصول کی جانے والی درخواستوں کو 8ڈسمبر سے قبل اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے جن کی تنقیح کے بعد 28 ڈسمبر تک ان کی یکسوئی عمل میں لائی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ کسی بھی رائے دہندہ کو حق رائے دہی سے محروم نہ کرنے کے لئے فہرست رائے دہندگان کی تنقیح اور اس میں ناموں کی شمولیت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان کوششوں میں نوجوان رائے دہندوں کے علاوہ ذمہ دارشہریوں کی جانب سے پتوں کی تبدیلی و دیگر امور سے متعلق درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے علاوہ رائے دہندوں کو حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔م