فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کیلئے خصوصی مہم ‘آج بھی موقع

   

بوتھ لیول آفیسرس تمام پولنگ بوتھس پر دستیاب۔ اندراج ‘ ناموں و پتہ میں تبدیلی کی گنجائش
حیدرآباد 26 نومبر ( سیاست نیوز ) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کیلئے خصوصی مہم آج چلائی گئی اور یہ مہم کل اتوار کو بھی جاری رہے گی ۔ اس مہم کے سلسلہ کے طور پر جی ایچ ایم سی کے عہدیدار بشمول بوتھ لیول آفیسرس حیدرآباد ضلع کے تمام 15 اسمبلی حلقوں کے پولنگ بوتھس پر موجود تھے ۔ بوتھ لیول آفیسرس اتوار کو بھی پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب رہیں گے ۔ جی ایچ ایم سی نے ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی ۔ اس مہم کے دوران نئے اندراجات کئے جا رہے ہیں ۔ ناموں کی تبدیلی اور پتہ کی تبدیلی کے علاوہ دوسرے ادعا جات اور اعتراضات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر ( سی ای او ) وکاس راج نے حیدرآباد ضلع الیکشن آفیسر اور جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار کے ساتھ ویسلی کالج سکندرآباد میں ووٹر رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا ۔ وکاس راج نے بتایا کہ کالجس میں خصوصی مراکز ووٹر رجسٹریشن کیلئے قائم کئے جائیں گے ۔ اس دوران کمشنر بلدیہ لوکیش کمار نے چیف الیکٹورل آفیسر کو واضح کیا کہ کالجس میں اہل طلبا کے بحیثیت ووٹر اندراج کیلئے سوپر وائزرس کا تقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سوپر وائزرس کالجس کا دورہ کریں گے اور پرنسپل سے ملاقات کرتے ہوئے اہل طلبا کے ووٹر رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ جو طلبا 18 سال عمر کو پہونچ چکے ہیں ان کا بحیثیت ووٹر اندراج کیا جائے ۔اہل نوجوانوں سے اس موقع سے استفادہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے ۔