29 اکٹوبر کو مسودہ فہرست کی اجرائی ۔ 6 جنوری کو قطعی فہرست کی اشاعت
حیدرآباد۔ 18 اگسٹ ( سیاست نیوز ) اڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار نے دوسرے سینئر عہدیداروں کے ساتھ 20 اگسٹ سے شروع ہونے والی فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا جائزہ لیا ۔ لوکیش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹرس اور دوسرے سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایت دی کہ 20 اگسٹ سے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے خصوصی پروگرام کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کو گھر گھر جا کر ووٹر لسٹ کے مطابق تمام تفصیل چیک کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ووٹرس کا رجسٹریشن کرنا چاہئے ۔ اس دوران پتہ کی تبدیلی ہو تو اسے بھی درج کیا جائے اور دیگر تفصیلات کو بھی درست کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ یہ مہم چلائے جانے کے بعد فہرست رائے دہندگان کا مسودہ 29 اکٹوبر کو جاری کیا جائیگا ۔ اس پر اعتراضات اور ترامیم کیلئے 28 نومبر تک کا وقت دیا جائیگا اور ان تمام کی 24 ڈسمبر تک یکسوئی کی جانی چاہئے ۔ اسکے بعد 6 جنوری 2025 کو قطعی ووٹرلسٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ جائزہ اجلاس میں تجویز کیا گیا کہ گھر گھر سروے کا کام بہت قطعی فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں اہمیت کا حامل ہے اور اس بات کو یقینی بنانے اقدامات کئے جانے چاہئیں کہ بوتھ سطح کے عہدیداران گھر گھر سروے کریں اور ان کی نگرانی ای آر او اور اے ای آر او اور دیگر سپروائزرس سے کروائی جائے ۔