سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر کا اجلاس
حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ہنمکنڈہ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور ریاست میں جاری فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت نئے ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں اور سیاسی پارٹیوں کو اس مہم میں تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتہ تمام ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرس کو سیاسی پارٹیوں سے تجاویز حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وکاس راج نے جنگاؤں ضلع کے گھن پور منڈل، ورنگل کے وردھنا پیٹ میں اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسرس کے دفاتر کا معائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے داخل کئے جانے والے اعتراضات اور دعوؤں پر کارروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں سیاسی پارٹیوں کو درخواست فارمس حوالے کئے جائیں۔ انہوں نے وردھنا پیٹ میں ریکارڈ کی عدم موجودگی پر ناراضگی جتائی اور عہدیداروں کو ریکارڈ برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ وکاس راج نے کہا کہ 341538 ووٹر شناختی کارڈ عنقریب جاری کئے جائیں گے جبکہ باقی کارڈس کی تیاری کا کام جاری ہے۔ اجلاس میں ٹی آر ایس، تلگودیشم، کانگریس، بی جے پی، وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی، مجلس، سی پی آئی، سی پی آئی ایم اور جنا سینا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ر