فیض عام ٹرسٹ کا پیر کو چالیسواں یوم تاسیس

   


ذوالفقار حسین کا لگایا گیا پودا تناور درخت میں تبدیل
بلا لحاظ مذہب و ملت لاکھوں ضرورت مندوں کی مدد کا ذریعہ : جناب افتخار حسین
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : جو کام اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کیا جاتا ہے ۔ اس کام میں اللہ تعالی نہ صرف برکت عطا کرتے ہیں بلکہ کمزوروں ، محتاجوں ، مجبوروں ، بے بسوں ، بے کسوں ، معذوروں ، لاچاروں ، یتیموں یسروں ، ضعیفوں ، بیواؤں کی مدد کا اس کام اور کام کو سر انجام دینے والوں کو ذریعہ بنا دیتے ہیں ۔ سرزمین ہند پر ایسے ہی ایک ادارہ کا قیام ذوالفقار حسین نے سال 1982 میں مہاراشٹرا کے تاریخی شہر اورنگ آباد میں عمل میں لایا تھا۔ تب سے یعنی 40 برسوں سے فیض عام ٹرسٹ بلالحاظ مذہب و ملت ذات پات رنگ و نسل ہر ضرورت مند کی مدد کرتا رہا ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ کی سرگرمیاں اورنگ آباد سے سارے ہندوستان بالخصوص حیدرآباد میں بھی وسعت اختیار کر گئیں ہیں ۔ اس ادارہ کی کامیابی کا راز اس کے خداترس عطیہ دہندگان ہیں جن کے بھروسہ نے ہزاروں نہیں لاکھوں ضرورت مندوں بالخصوص ہونہار طلباء وطالبات کی زندگیوں میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے ۔ یہ ادارہ سکریٹری جناب افتخار حسین کی قیادت اور ان کے رفقاء کی انتھک محنت کے نتیجہ میں ضرورت مندوں کے لیے امید کی ایک کرن بن گیا ہے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق فیض عام ٹرسٹ پیر 26 دسمبر 2022 کو اپنی چالیسویں سالگرہ یا یوم تاسیس منا رہا ہے ۔ اس ضمن میں شام 4-30 بجے سالار جنگ میوزیم کے ویسٹرن بلاک آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوگی ۔ واضح رہے کہ اس تقریب کی نگرانی جناب افتخار حسین کریں گے ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین استقبال کریں گے ۔ فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی جناب رضوان حیدر پاور پوائنٹ کے ذریعہ ٹرسٹ کی چالیس سالہ کارکردگی اس کے کارناموں پر روشنی ڈالیں گے ۔ محترمہ فروخ پروین جمال چیرپرسن ویمن فیض عام ٹرسٹ اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، ٹرسٹ کی کامیابیوں کے بارے میں بتائیں گے ۔ ڈاکٹر محمد سمیع اللہ کے اختتامی کلمات ہوں گے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں شرکت کریں گے ۔۔