حیدرآباد 25 ڈسمبر (پریس نوٹ) جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کے بموجب فیض عام ٹرسٹ کے زیراہتمام پیر 26 ڈسمبر کو 4.30 بجے شام سالار جنگ میوزیم کے ویسٹرن بلاک آڈیٹوریم نیاپل میں ایک خصوصی تقریب 40 ویں یوم تاسیس مقرر ہے۔ جناب افتخار حسین سکریٹری نے بتایا کہ فیض عام ٹرسٹ حیدرآباد کا قیام جناب ذوالفقار حسین 1982 ء میں سرزمین شہر اورنگ آباد میں عمل میں لایا تھا۔ اُن کا مقصد کمزوروں، لاچاروں، یتیموں، یسیروں اور بیواؤں، ضعیفوں کی مدد کرنا عین منشاء تھا۔ الحمدللہ فیض عام ٹرسٹ اس میں کامیاب و کامران ہوا۔ بلالحاظ مذہب و ملت، ذات پات، رنگ و نسل ہر ضرورت مند کی مدد کرتا رہا ہے۔ جناب افتخار حسین سکریٹری ٹرسٹ نے کہاکہ اس ادارہ کی کامیابی کا راز اس کے خداترس عطیہ دہندگان ہیں۔ جن کے بھروسہ نے ہزاروں نہیں لاکھوں ضرورت مند بالخصوص ہونہار طلباء و طالبات کی زندگیوں میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے۔ جناب افتخار حسین سکریٹری ٹرسٹ کی قیادت میں اُن کے رفقاء کی انتھک جدوجہد و محنت کے نتیجہ میں ضرورت مندوں کے لئے اُمید کی ایک کرن بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس تقریب کی نگرانی افتخار حسین کریں گے۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین استقبال کریں گے۔ فیض عام کے ٹرسٹی جناب رضوان حیدر پاور پوائنٹ کے ذریعہ ٹرسٹ کی چالیس سالہ کارکردگی، اس کے کارناموں پر روشنی ڈالیں گے۔ محترمہ فرخ پروین جمال چیرمین ویمن فیض عام ٹرسٹ، جناب افتخار حسین سکریٹری و ٹرسٹ کی کامیابیوں کے بارے میں تفصیل سے بتائیں گے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کے اختتامی کلمات ہوں گے۔