فیول کی قیمتوں میں آئندہ دنوں مزید اضافہ کا امکان

   

پٹرول 12 اور ڈیزل 10 روپئے فی لیٹر مہنگا ہوسکتا ہے!
حیدرآباد۔ 2۔جون۔(سیاست نیوز) پٹرول و ڈیزل کی قیمتو ںمیں آئندہ دنوں کے دوران مزید اضافہ ہوگا بلکہ پٹرول کی قیمت میں مزید 12 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 10 روپئے کے اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ماہرین معاشیات نے ہندستان میں دوبارہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں پیش قیاسی کرنی شروع کردی ہے۔ گذشتہ ماہ مئی کے دوران حکومت نے اندرون 11یوم پٹرول و ڈیزل کی 8روپئے تک کا اضافہ کیا ہے اور اس وقت عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی تھی لیکن اب جبکہ عالمی بازار میں دوبارہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ایسے میں ہندستانی تیل کمپنیاں مزید خسارہ پیش کرتے ہوئے حکومت پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران ہندستان میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپئے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپئے تک کا اضافہ کیا جاسکتا ہے جو کہ بتدریج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔بتایاجاتاہے کہ تیل کمپنیاں ایل پی جی گیاس ‘ ایویشن فیول کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے خسارے سے متعلق تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرچکی ہیں اور ان کے مطابق ایل پی جی گیاس میں تیل کمپنیوں کو 650 روپئے فی سیلنڈر نقصان کا دعویٰ کیا جا رہاہے جبکہ ایویشن فیول کی قیمت میں 30 روپئے فی لیٹر خسارے کی رپورٹ پیش کی گئی ہے ۔ش ذرائع کے مطابق تیل کمپنیوں نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 2تا4 روپئے فی لیٹر کے اضافہ کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس پر عمل آوری کے سلسلہ میں جلد اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیل کمپنیوں کو ہونے والے نقصانات کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ آبنائے ہرموز پر جاری تنازعہ اور عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں انہیں کروڑہا روپئے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی لئے وہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے مجبور ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ گھریلو ایل پی جی گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں تیل کمپنیوں کی جانب سے حکومت کوسفارش پیش کی جاچکی ہے لیکن حکومت نے فوری طورپر اسے منظوری نہیں دی لیکن کمرشیل ایل پی جی گیاس کی قیمتوں میں ہونے والے بھاری اضافہ کے ذریعہ گھریلو ایل پی جی کے نقصانات کی پابجائی کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اسی طرح ملک کی مختلف ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی طرح سی این جی گیاس کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ 3/a/b