فیوچر سٹی‘ شاہ میر پیٹ۔ میڑچل میٹرو پراجکٹ رپورٹ جلد تیار کی جائے

   

چیف منسٹر کی ہدایت، اراضی حصول کا کام شروع کرنے کا مشورہ، عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ فیوچر سٹی‘ شاہ میر پیٹ اور میڑچل میٹرو راہداریوں کے لئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ مارچ کے اختتام تک تیار کرلی جائے۔ تین میٹرو ٹرین نئی راہداریوں کی تکمیل کو مرکزی حکومت کی منظوری حاصل کرتے ہوئے اپریل کے اواخر میں ٹنڈرس طلب کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹرو ٹرین کی نئی راہداریوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے فیوچر سٹی میٹرو راہداری ( 40 کلو میٹر ) ، جوبلی بس اسٹیشن تا شاہ میر پیٹ ( 22 کلو میٹر ) اور پیراڈائیز تا میڑچل میٹرو راہداری ( 23 کلو میٹر ) کی تکمیل کیلئے اراضی کے حصول کا کام جلد مکمل کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایلویٹیڈ کاریڈار کی تیاری میں مستقبل کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھا جائے اور اسی کے مطابق الائنمینٹ کی تیاری کیلئے بنیادی سطح پر جائزہ لیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میڑچل میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں قومی شاہراہ پر موجود تین فلائی اوورس کو پیش نظر رکھا جائے۔ انہوں نے ایلویٹیڈ کاریڈار کا کام جلد شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ شاہ میر پیٹ اور میڑچل میٹرو پراجکٹس کا ایک ہی مقام پر آغاز ہونا چاہیئے اور عصری سہولتوں کے علاوہ ایک بڑے جنکشن کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنکشن اور اس کے اطراف عوام کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ہر چیز کیلئے عوام کو شہر آنے کی ضرورت نہ پڑے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمیٹیڈ کے تحت ریڈیل روڈ کی تعمیر کی تجویز پیش کی۔ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر ایم نریندر ریڈی، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد، فلیگ شپ پروگراموں کے کمشنر ششانک اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1