فیڈررکو ومبلڈن کی درجہ بندی میں نڈال سے بہتر مقام

   

ومبلڈن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اور 20 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر جنہوں نے جرمنی کے ٹورنمنٹ ہال اوپن میں ریکارڈ دسویں مرتبہ خطاب حاصل کیا ہے جس کی وجہ سے انہیں یکم ؍ جولائی کو شروع ہونے والے سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں ان کے کٹر حریف رافیل نڈال سے بہتر مقام دیا گیا ہے حالانکہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں نڈال دوسرے اور فیڈرر تیسرے مقام پر فائز ہیں۔ فیڈرر نے ہال اوپن کے فائنل میں بلجیم کے حریف کھلاڑی ڈیویڈ گافن کو 7-6,6-1 سے شکست دی اور اس طرح انہوں نے اپنے کریئر میں 102 واں خطاب حاصل کرلیا۔ سب سے زیادہ خطابات کے ریکارڈ میں جمی کانرس 109 خطابات کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ گراس سیزن کے آغاز پر ہال میں دسویں خطاب کے ساتھ فیڈرر نے نہ صرف 2019ء سیزن کا تیسرا خطاب حاصل کیا ہے بلکہ انہوں نے ومبلڈن میں نویں خطاب کیلئے اپنی دعویداری مضبوط کرنے کے ساتھ حریف کھلاڑیوں کیلئے خطرہ کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔ یکم ؍ جولائی کو شروع ہونے والے ومبلڈن کیلئے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں فیڈرر کو دوسرا مقام دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب وہ نہ صرف نڈال سے اوپر کے مقام پر فائز ہوچکے ہیں بلکہ فائنل سے قبل انہیں چار مرتبہ کے چمپئن نواک جوکووچ کا سامنا بھی کرنا نہیں پڑے گا۔ سال میں کھیلے جانے والے چار گرانڈ سلام میں ومبلڈن کے برعکس تینوں گرانڈ سلام میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی ان کے عالمی مقامات کے اعتبار سے کی جاتی ہے لیکن ومبلڈن کیلئے گراس کوٹ کا فارمولہ استعمال کیا جاتا ہے جس کیلئے 32 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی جاتی ہے۔ 2019ء چمپئن شپ کیلئے کھلاڑیوں کی جو درجہ بندی کی گئی ہے وہ 24 جون تک کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی کے نشانات میں گذشتہ 12 ماہ کے دوران ان کھلاڑیوں کی فتوحات سے حاصل ہونے والے نشانات کا 100 فیصد جمع کیا جاتا ہے جس کے بعد گذشتہ 12 ماہ کے دوران گراس کوٹ پر ان کے مظاہروں کے نشانات سے 75 فیصد نشانات جمع کئے جاتے ہیں۔ 24 جون تک فیڈرر کی عالمی درجہ بندی میں تیسرا مقام ہے اور ان کے نشانات 6620 ہے جبکہ جوکووچ 12715 اور نڈال 7945 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں ۔