چین اور امریکہ سرفہرست، آلودگی سے بچاؤ کیلئے غیر روایتی برقی تیاری پر توجہ
حیدرآباد ۔3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) دنیا بھر میں قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں ہندوستان کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ غیر روایتی برقی تیاری کے ذریعہ اہم ممالک نے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ سولار، ہائیڈرو، بائیو اینرجی اور ونڈ اینرجی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ گرین پاور انفراسٹرکچر کو مستحکم کرتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک نے برقی کی تیاری کیلئے متبادل ذرائع تلاش کئے ہیں۔ ہندوستان اور دیگر ممالک نے برقی کے شعبہ میں خود مکتفی ہونے کے علاوہ معیشت کے استحکام اور ماحولیاتی تحفظ کو بنیاد بنایا ہے۔ عالمی سطح پر کلین اینڈ گرین اینرجی کے شعبہ میں ہندوستان کی پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے ۔ ہندوستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں 250.5 جی ڈبلیو برقی صلاحیت کا حامل ہے جبکہ دنیا میں سرفہرست چین میں قابل تجدید توانائی کی گنجائش 2258 جی ڈبلیو درج کی گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر موجود امریکہ غیر روایتی ذرائع سے 467.9 جی ڈبلیو برقی تیار کر رہا ہے۔ قابل تجدید توانائی کے ٹاپ 10 ممالک میں برازیل ، جرمنی ، جاپان ، کینیڈا ، اسپین ، فرانس اور اٹلی شامل ہے۔ حالیہ برسوں میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی جانب سے دنیا بھر کی رہنمائی کی گئی اور گائیڈ لائینس کے ذریعہ ترغیب دی گئی جس کے نتیجہ میں ممالک نے غیر روایتی انداز میں برقی تیاری پر توجہ مرکوز کی ہے۔1/k/m/b